Friday, April 19, 2024

یمن :ایران کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی، سعودی اتحادی طیاروں نے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا رن وے تباہ کردیا

یمن :ایران کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی، سعودی اتحادی طیاروں نے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا رن وے تباہ کردیا
April 29, 2015
صنعا (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے عرب اتحادی ممالک کے جیٹ طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں موجود ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے کا رن وے مکمل تباہ کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ایرانی طیارہ اومان کی جانب سے اتحادی ممالک کے قائم کردہ نو فلائی زون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یمن کی فضائی حدود میں داخل ہوا جس پر کارروائی کی گئی۔ سعودی وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایرانی طیارہ مقررہ وقت کے علاوہ یمن کی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔ یمن کے حوالے سے ایرانی اقدامات غیر ذمہ دارانہ ہیں اور نو فلائی زون کی خلاف ورزی کرنے سے یمنی عوام کے مفادات کی کوئی خدمت نہیں ہوگی۔ اس سلسلے میں ایرانی خبررساں ادارے کی طرف سے کہاجارہاہے کہ طیارے میں امدادی سامان موجود تھا۔ واضح رہے کہ صنعا میں مذکورہ ہوائی اڈے کا تباہ ہونے والا رن وے واحد ذریعہ تھا جس کے ذریعے امدادی سامان یمن پہنچایا جارہاتھا۔دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ چند ہفتوں میں یمن میں موجود ہسپتال ادویات کی قلت کی وجہ سے بند ہوجائیں گے جبکہ کھانے پینے کی اشیاءکا بھی فقدان ہے۔ یمن سے اب تک تین لاکھ سے زائد افراد دوسری جگہوں پر منتقل کئے گئے ہیں۔