Thursday, April 25, 2024

یاسرعرفات کو زہر نہیں دیا گیا !!! فرانسیسی پراسیکیوٹر نے کیس کی انکوائری بند کرنے کی سفارش کر دی

یاسرعرفات کو زہر نہیں دیا گیا !!! فرانسیسی پراسیکیوٹر نے کیس کی انکوائری بند کرنے کی سفارش کر دی
July 22, 2015
یروشلم (ویب ڈیسک) فرانسیسی پراسیکیوٹر نے فلسطین کے مرحوم رہنما یاسر عرفات کی موت کے حوالے سے انکوائری بند کرنے کی تجویز دیدی ہے۔ واضح رہے کہ سرائیل کے ساتھ تاریخی اوسلو میں عبوری امن معاہدے پر دستخط کرنے والے سابق فلسطینی رہنمایاسر عرفات 2004ءکو فرانسیسی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی بیوہ سوہا نے دعویٰ کیا تھا کہ عرفات کو زہر دے کر قتل کیا گیا ہے۔ شبہ ظاہر کیا جاتاہے کہ عرفات کا قتل سیاسی تھاجس میں اسرائیلی انٹیلی جنس ملوث ہو سکتی ہے کیونکہ عرفات نے سن دوہزار میں اسرائیل کے ساتھ مذاکرات تعطل کا شکار ہونے پر انتفاضہ تحریک شروع کر دی تھی۔ یاسر عرفات کے انتقال کی وجہ دل کا دورہ بیان کی گئی تھی لیکن فرانسیسی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ عرفات کی بیماری شروع ہونے کی وجہ کا تعین نہیں کر پائے تھے اور عرفات کا پوسٹ مارٹم بھی نہیں کیا گیا تھا۔ سوہا کے مطابق ان کے شوہر کے قتل میں کوئی قریبی شخص بھی ملوث ہو سکتا ہے لیکن فرانسیسی فرانزک ماہرین کہتے ہیں کہ عرفات کو زہر نہیں دیا گیا جس کی بنا پر پراسیکیوٹر آفس نے کیس کی مزید انکوائری بند کرنے کی سفارش کی ہے تاہم انکوائری بند کرنے یا جاری رکھنے کا فیصلہ مجسٹریٹ کو کرنا ہے۔