Friday, April 26, 2024

یاسر شاہ پر پابندی بورڈ حکام کی غفلت کا نتیجہ ہے  : سینئرکرکٹرز

یاسر شاہ پر پابندی بورڈ حکام کی غفلت کا نتیجہ ہے  : سینئرکرکٹرز
December 27, 2015
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی کے سابق عہدیداروں اور کرکٹرز نے بھی رد عمل ظاہر کیا ہے سب لوگ متفقہ طور پر اس بات کے قائل نظر آتے ہیں کہ  یاسر شاہ پر پابندی بورڈ حکام کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ تفصیلات کےمطابق لیگ سپن باؤلر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ نائنٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا بورڈ کو علم ہونا چاہیے کہ کون سا کھلاڑی کون سی دوائی استعمال کر رہا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کا اس معاملے پر نائنٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یاسر شاہ کی ڈوپنگ کے باعث معطلی ان کی اور پاکستانی کرکٹ کی بدقسمتی ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین نے نائنٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نااہل لوگ بورڈ میں اعلیٰ عہدوں پر موجود ہیں۔ پاکستان کرکٹ پے در پے مسائل میں گھرتی جا رہی ہے سوال یہ ہے کہ بورڈ کے اعلیٰ عہدے داران کب خوابِ خرگوش سے بیدار ہوں گے؟