Sunday, September 8, 2024

ہیکروں نے امریکی سائبر سکیورٹی کا نظام تہس نہس کر دیا

ہیکروں نے امریکی سائبر سکیورٹی کا نظام تہس نہس کر دیا
August 26, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) سٹار وارز اور سائنس فکشن فلموں میں عجیب و غریب مخلوقوں سے لڑنے والے امریکہ کو حقیقی زندگی میں ہیکرز نے ناکوں چنے چبوا دیئے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران امریکہ میں چھوٹے وفاقی اداروں سے لے کر بہت بڑے محکموں کے کمپیوٹرز ہیکروں کی زد میں رہے۔ ان میں محکمہ خارجہ، وائٹ ہاو¿س، جوائنٹ چیفس آف سٹاف، آفس آف پرسنل مینجمنٹ سے لےکر انٹرنل ریونیو سروس اور امریکی پوسٹ آفس شامل ہیں۔ ان اداروں کے سسٹم پر نہ صرف حملہ کیا گیا بلکہ ان کی لاکھوں نجی فائلیں اور ای میل چرا لئے گئے۔ اب تو باقاعدہ یہ محسوس ہونا شروع ہو گیا ہے کہ امریکی حکومت کو موجودہ دور میں سب سے بڑا سکیورٹی کا جو مسئلہ درپیش ہے وہ سائبر سکیورٹی ہے۔ امریکی سائبر سکیورٹی سے وابستہ حکام نے اس معاملے میں اپنی انگلی ہمیشہ روس اور چین کی جانب اٹھائی ہے حتیٰ کہ ایک موقع پر امریکی وزیرخارجہ جان کیری یہ بات کہنے پر مجبور ہو گئے تھے کہ عین ممکن ہے کہ میری کچھ ای میل روسیوں اور چینیوں نے پڑھ لی ہوں۔ روس اور چین نے ہمیشہ اپنی جانب سے ایسے حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ امریکہ میں سائبر سکیورٹی کا مسئلہ کب حل ہوتا ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا مگر فی الحال امریکی آج کل ہیکروں کے حملے سے کافی پریشان ہیں۔