Sunday, September 8, 2024

ہیکرز نے برطانوی موبائل کمپنی کارفون ویئرہاﺅس کے 24لاکھ صارفین کی معلومات چرا لیں

ہیکرز نے برطانوی موبائل کمپنی کارفون ویئرہاﺅس کے 24لاکھ صارفین کی معلومات چرا لیں
August 9, 2015
لندن (ویب ڈیسک) موبائل فون فروخت کرنے والی برطانوی کمپنی کارفون ویئرہاوس نے کہا ہے کہ ایک سائبر حملے میں ہیکرز نے اس کے 24 لاکھ صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ کمپنی کو سائبر حملے کے بارے میں چار روز قبل پتہ چلا تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات آج سامنے آئی ہیں۔ کارفون ویئر ہاوس نے اس واقعہ پر اپنے صارفین سے معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے تمام صارفین سے رابطہ کر رہا ہے جبکہ نظام کو محفوظ بنانے کےلئے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ کمپنی نے کہا ہے کہ اس نے اپنے نظام کو محفوظ بنانے کےلئے فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دیں جن سے پتہ چلا کہ 24 لاکھ کے قریب صارفین کے نام، پتے اور بینک کی معلومات تک ممکنہ طور پر رسائی حاصل کر لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 90 ہزار صارفین کے کریڈٹ کارڈ کی معلومات بھی ممکنہ طور پر حاصل کی گئی ہیں۔ کمپنی کے گروپ چیف ایگزیکٹو سباسچیئن جیمز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کے معاملے میں بہت سنجیدہ ہیں اور ہمیں بہت افسوس ہے کہ ہمارے نظام پر حملے کی وجہ سے صارفین متاثر ہوئے۔ اس حملے سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے صارفین کو مطلع کر دیا گیا ہے اور سائبر حملے کے بعد مزید حفاظتی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اگر تحقیقات سے یہ ثابت ہوا کہ کمپنی نے اپنے صارفین کی ذاتی معلومات کے تحفظ میں کوتاہی برتی تھی تو ادارہ اسے پانچ لاکھ پاونڈ تک جرمانہ بھی کر سکتا ہے۔