Friday, April 19, 2024

ہیلی کاپٹر حادثہ میں سفارتکاروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس، ہماری ہمدردیاں ہلاک اور زخمی ہونےوالوں کے ورثاءکے ساتھ ہیں: امریکہ

ہیلی کاپٹر حادثہ میں سفارتکاروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس، ہماری ہمدردیاں ہلاک اور زخمی ہونےوالوں کے ورثاءکے ساتھ ہیں: امریکہ
May 9, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکہ نے نلتر میں ہیلی کاپٹر حادثے میں سفارتکاروں کی ہلاکتوں پراظہار افسوس کرتے ہوئے واقعہ میں طالبان کا ہاتھ ہونے کا امکان مسترد کر دیا ہے۔ امریکی دفترخارجہ کے ترجمان جیف راتک نے پریس بریفنگ کے دوران پاکستان میں حادثے میں ہلاکتوں پر اظہار تعزیت کیا۔ ان کا کہنا تھا امریکہ کی ہمدردیاں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے ورثاءکے ساتھ ہیں اور ہم پاکستان میں سفارتی برادری کے دکھ میں شریک ہیں۔ اس سوال پر کہ حادثہ کیونکر ہوا ؟ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فضائیہ اورحکام پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوا اس لئے جو کچھ پاکستانی حکام نے کہا اس پر امریکہ کو کوئی شک شبہ نہیں۔ انہوں نے سوال کرنے والے صحافی کو کہا کہ وہ حادثے کے بارے میں مزید معلومات کیلئے پاکستانی حکام سے رابطہ کریں جس پر صحافی نے کہا ٹی ٹی پی نے اس کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے تو کیا پھر بھی انہیں ٹی ٹی پی کے دعوے پر یقین کی وجہ نظر نہیں آتی جس پر ترجمان نے کہا ہاں ! ہمارے پاس پاکستانی حکام کی طرف سے کہی گئی بات پر شک کرنے کی کوئی وجہ یا جواز نہیں ہے تاہم حادثہ ابھی ہوا ہی ہے اور وہ یقینی طور پر اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔