Thursday, May 9, 2024

ہیری اور میگھن کیلئے پچھلے چند سال کتنے چیلنجنگ رہے ، جان کر دکھ ہوا ، بکنگھم پیلس

ہیری اور میگھن کیلئے پچھلے چند سال کتنے چیلنجنگ رہے ، جان کر دکھ ہوا ، بکنگھم پیلس
March 10, 2021

لندن ( 92 نیوز) بکنگھم پیلس نے برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے دھماکا خیز انٹرویو پرخاموشی توڑ دی،،ملکہ برطانیہ کی جانب سے بکنگھم پیلس کے بیان میں کہا گیا کہ پوری فیملی کو یہ جان کر بہت دکھ ہوا کہ ہیری اور میگھن کے لیے پچھلے چند سال کتنے چیلنجنگ رہے ہیں۔

بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ الزبتھ دوئم شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کو درپیش مشکلات پر افسردہ ہیں اور شاہی خاندان پر نسل پرستی کے الزامات کو سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔

بیان کے مطابق جوڑے کی جانب سے اٹھائے گئے معاملات بالخصوص نسل پرستی باعث تشویش ہے، کچھ یادیں مختلف ہوسکتی ہیں مگر ان کو خاندان کے ذریعے نجی طریقے سے حل کیا جائے گا۔

سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کا بھی اس انٹرویو پر ردعمل سامنے آیا ہے، انہوں نے میگھن مارکل کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت بدل چکا ہے، یہ 2021 ہے، میگھن اپنی زندگی جینا چاہتی ہیں اور یہ اس کا حق ہے۔

دوسری جانب کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے برطانوی شاہی خاندان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ابھی بادشاہت کے خاتمے سے متعلق گفتگو کا وقت نہیں۔