Sunday, September 8, 2024

ہیروشیما ایٹم بم حملے کو 70برس گزر گئے !!! جاپان میں تقریبات !!! امریکی حملے میں ایک لاکھ 40ہزار افراد لقمہ اجل بنے

ہیروشیما ایٹم بم حملے کو 70برس گزر گئے !!! جاپان میں تقریبات !!! امریکی حملے میں ایک لاکھ 40ہزار افراد لقمہ اجل بنے
August 6, 2015
ٹوکیو (ویب ڈیسک) جاپان کے شہر ہیروشیما پر ایٹم بم گرائے جانے کی سترویں برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے نے بھی شرکت کی۔ سترویں برسی کی تقریب میں شریک ہزاروں افراد نے سروں کو جھکا کر امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کیلئے دعائیں کیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر امن گھنٹی بھی بجائی گئی۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران چھ اگست انیس سو پینتالیس کو صبح آٹھ بج کر پندرہ منٹ پر امریکا نے ہیروشیما پر بی ٹو نائن جنگی جہاز کے ذریعے ایٹم بم گرایا۔ بم کو لٹل بوائے کا نام دیا گیا تھا جو کسی انسانی آبادی پر پھینکا جانے والا پہلا ایٹمی بم تھا۔ ہیروشیما پر امریکی حملے میں ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد افراد ہلاک اور شہر کی ساٹھ فیصد عمارتیں تباہ ہو گئی تھیں۔ امریکا نے ہیرو شیما پر حملے کے تین دن بعد جاپان کے دوسرے شہر ناگا ساکی پر بھی ایٹمی حملہ کیا تھا۔