Wednesday, April 24, 2024

ہڈیوں کے مرض آسٹیوپوروسس کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے

ہڈیوں کے مرض آسٹیوپوروسس کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے
October 20, 2015
لاہور (92نیوز) دنیا بھر میں آج ہڈیوں کے مرض آسٹیو پوروسس کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں آگاہی نہ ہونے کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ہڈیوں کے مرض آسٹیو پوروسس کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق بدقسمتی سے پاکستان میں اس مرض سے متعلق آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے اس کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہڈیوں کا بھربھراپن، کمزوری اور ان کا ٹوٹنا آسٹیو پوروسس کہلاتا ہے جس کا عمل عموماً چالیس سال کی عمر میں شروع ہو جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ہر دو میں سے ایک خاتون اور چار میں سے ایک مرد اس مرض کا شکار ہو سکتے ہیں۔ خواتین میں اس مرض کی بڑی وجہ ہارمونز کی تبدیلی ہے۔ آسٹیو پوروسس یعنی ہڈیوں کا بھربھراپن ایسی بیماری ہے جس کے لاحق ہونے سے ہڈیاں نہ صرف کمزور ہو جاتی ہیں بلکہ آسانی سے ٹوٹ بھی سکتی ہیں۔ خاص طور پر ریڑھ اور کلائی سمیت کولہے کی ہڈی زیادہ متاثر ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدہ ورزش، کیلشیم کا زیادہ سے زیادہ استعمال، سورج کی روشنی میں بیٹھ کر وٹامن ڈی حاصل کرنے اور شراب‘ تمباکو نوشی سے پرہیز کرکے بڑھاپے میں آسٹیو پوروسس جیسے پیچیدہ مرض سے بچا سکتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق ہڈیوں کا بھربھرا پن بڑھتی عمر کی بیماری ہے لیکن یہ بچپن سے ہی شروع ہو جاتی ہے۔ اس سے بچنے کے لیے بچپن سے ہی بچوں کوکیلشیم اور وٹامن ڈی کا بھرپور استعمال کرایا جائے۔