Friday, May 17, 2024

ہوم سیریزکی میزبانی ،پی سی بی نےسری لنکن کرکٹ بورڈکوباضابطہ طورپرخط تحریرکردیا

ہوم سیریزکی میزبانی ،پی سی بی نےسری لنکن کرکٹ بورڈکوباضابطہ طورپرخط تحریرکردیا
May 16, 2016
لاہور(92نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو باضابطہ طور پر خط تحریر کردیا ہے جس میں یہ معلوم کیا گیا ہے کہ آیا سری لنکا اس سال اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ہوم سیریز کی میزبانی کر سکتا ہے یا نہیں۔ تفصیلات کےمطابق  پاکستان کرکٹ بورڈ متحدہ عرب امارات میں ہوم سیریز کے دوران اخراجات میں کمی کی خاطر اسے سری لنکا میں کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے چند روزقبل کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز  سری لنکا میں کرانےکے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔ان کے اس انٹرویو کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ اسے پاکستان کے میچ اپنے یہاں کرانے پر خوشی ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان کی ہوم سیریز سے متعلق متحدہ عرب امارات کی نئی حکمت عملی سے خوش نہیں ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اب تک متحدہ عرب امارات کو میچوں کی گیٹ منی اور کارپوریٹ باکسز کی آمدنی میں سے حصہ دیتا آیا ہے لیکن اب متحدہ عرب امارات چاہتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سٹیڈیمز کا کرایہ بھی ادا کرے۔