Wednesday, April 24, 2024

ہولناک زلزلے سے تباہی‘ جاں بحق افراد کی تعداد 328 ہو گئی‘ 1620 سے زائد زخمی

ہولناک زلزلے سے تباہی‘ جاں بحق افراد کی تعداد 328 ہو گئی‘ 1620 سے زائد زخمی
October 27, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان میں گزشتہ روز آنے والے خوفناک زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 328 ہو گئی ہے جبکہ 1600 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی خیبرپختونخوا میں ہوئی جہاں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 185 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے اعدادوشمار کے مطابق ہولناک زلزلے سے ہونے والی تباہی کے نتیجے میں 1456 افراد زخمی ہوئے جبکہ 2100 کے قریب گھر مکمل طور پر ملیامیٹ ہو گئے۔ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں شانگلہ میں 38 ہوئی ہیں جبکہ چترال میں 29 ‘ سوات 28 ‘ اپر دیر 14‘ لوئردیر 22‘ تورغر 15‘ پشاور 4‘ بونیر 8 اور چارسدہ‘ نوشہرہ‘ کوہستان‘ لکی مروت‘ مانسہرہ‘ کرک‘ مالاکنڈ اور دیگر اضلاع سے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ زلزلے کے باعث امدادی کارروائیوں میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خیال ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ روز آٹھ اعشاریہ ایک شدت کے زلزلے سے خوفناک تباہی ہوئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا علاقہ اور اس کی گہرائی 193کلومیٹر بتائی جا رہی ہے۔