Friday, March 29, 2024

ہو سکتا ہے کورونا وائرس دنیا سے کبھی نہ جائے ، عالمی ادارہ صحت

ہو سکتا ہے کورونا وائرس دنیا سے کبھی نہ جائے ، عالمی ادارہ صحت
May 14, 2020
جینیوا (92 نیوز) عالمی ادارہ صحت نے خبر دار کر دیا کہ ہو سکتا ہے کورونا وائرس دنیا سے کبھی نہ جائے۔ عالمی ادارہ صحت کی نئی وارننگ نے دنیا کو مزید پریشان کر دیا ۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر برائے ایمرجنسیز مائیک ریان نے کہا ہے کہ یہ بات سمجھنا اہم ہے کہ کورونا وائرس دنیا بھر میں موجود دیگر وائرسز اور ان سے جڑی وباؤں کی طرح ایک وبا کی صورت ہمیشہ کیلئے دنیا میں ہی رہ جائے گا۔ ایڈز کا سبب بننے والا ایچ آئی وی ختم نہیں ہوا بلکہ دنیا نے اس کے ساتھ رہنا سیکھ لیا ہے۔ مائیک ریان نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں کوئی بھی شخص کووڈ نائنٹین کے خاتمے کا وقت نہیں بتا سکتا۔ دنیا بھر میں 100 سے زائد ویکسینز تیاری کے مراحل میں ہیں۔ خسرے کی ویکسین موجود ہے تاہم اب بھی خسرے کا خاتمہ نہیں ہو سکا۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس آدھنم نے امید دلائی کہ کورونا وائرس کو قابو کرنا اب بھی ممکن ہے۔ کیسز میں اضافے کی شرح ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے۔ یہ سب کا مشترکہ مسئلہ ہے، عالمی وبا کے خاتمے کیلئے ہر شخص کو اپنا کردارادا کرنا پڑے گا۔