Friday, April 19, 2024

ہنڈی یا حوالہ سے پانچ کروڑ سے زائد رقم کی منتقلی معاشی دہشتگردی تصور ہو گی ، ذرائع وزارت خزانہ

ہنڈی یا حوالہ سے پانچ کروڑ سے زائد رقم کی منتقلی معاشی دہشتگردی تصور ہو گی ، ذرائع وزارت خزانہ
February 23, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر عملدرآمد کیلئے نئے قوانین تجویز کر لیئے گئے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ہنڈی یا حوالہ سے پانچ کروڑ سے زائد رقم کی منتقلی معاشی دہشتگردی تصور ہو گی۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق نئے قوانین کے تحت رقم منتقلی میں معاون افراد شریک جرم قرار پائیں گے۔ ایسے افراد کو وفاقی سیکرٹری داخلہ اور ہوم سیکریٹری کی سفارش پر گرفتار کیا جاسکے گا۔ گرفتاری کے لیے مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسسز کی مدد بھی لی جاسکے گی۔ مجوزہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 2020 کے ذریعے معاشی دہشت گردی قانون کا حصہ بنا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایسے اقدام میں  ملوث افراد کو 3 ماہ زیر تفتیش رکھا جا سکے گا۔ تفتیش کا عرصہ 6  ماہ تک بھی بڑھایا جاسکے گا۔ سپرٹینڈنٹ پولیس یا متعلقہ اداروں کے افسران کی جے آئی ٹی تفتیش مکمل کرے گی۔ ایسے ملزمان کی جائیدادیں بحق سرکار تحویل میں لی جا سکیں گی۔ کسی فیصلے کے خلاف اپیل سیکرٹری داخلہ یا ہوم سیکریٹریز کو ہوسکے گی۔ اپیل پر فیصلہ کرنے کیلئے کیس ٹو کیس کمیٹی بنائی جائیگی۔