Monday, September 16, 2024

راج ہنس ناپید کیوں ہو رہے ہیں ؟ محققین نے وجہ جاننے کی ٹھان لی

 راج ہنس ناپید کیوں ہو رہے ہیں ؟ محققین نے وجہ جاننے کی ٹھان لی
July 28, 2016
لندن (ویب ڈیسک) خوبصورت پرندے راج ہنس سے کون واقف نہیں ہے لیکن ماحولیاتی تغیرات اور دیگر عوامل کے باعث ہنس نایاب ہوتے جا رہے ہیں لیکن جنگلی حیات پر کام کرنیوالی خاتون نے اس حسین پرندے کی تعداد کم ہونے کی وجوہات جاننے کیلئے راج ہنسوں کے ساتھ چار ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کی ٹھان لی۔ یوں تو آلودگی کا عفریت ہمارے بہت سے نایاب پرندوں اور جانوروں کو نگلتا چلا جارہا ہے اور انہی پرندوں کے جھرمٹ میں ایک خوبصورت پرندہ ہنس بھی شامل ہے۔ ہنسوں کی کم ہوتی تعداد سے متعلق دنیا بھر کے ماہرین پریشانی میں مبتلا ہیں۔ آبی اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے اس دلکش پرندے کی تعداد میں بھی مسلسل کمی آرہی ہے مگر وائلڈ فاول ایند ویٹ لینڈ ٹرسٹ کی ایک خاتون اہلکار نے اس حوالے سے منفرد جدوجہد کا آغاز کیا ہے۔ ساشا ڈینچ نامی خاتون پیرا موٹر کے ذریعے چار ہزار کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ ہجرت کرنے والے ہنسوں کے ساتھ طے کریں گی۔ وہ ہنسوں کی ایک قسم بیوک ہنس سے متعلق مکمل تحقیق کریں گی۔ خاتون اہلکار روس سے برطانیہ ہجرت کرنے والے ہنسوں کی کم ہوتی تعداد سے متعلق ریسرچ کے لیے ان ہنسوں کی ہجرت کے موسم میں روس سے برطانیہ تک چار ہزار کلومیٹر کا فاصلہ ان کے ساتھ طے کریں گی۔ ان کی پرواز زیادہ تر پانی کے قریب یا اوپر ہوگی۔ اس دوران وہ پانی میں زندہ رہنے کی صلاحیت والے آلات کی آزمائش بھی کریں گی۔