Sunday, May 5, 2024

ہنزہ ، کریم آباد میں 1100 سال پرانا التت قلعہ تاریخ کا اہم حصہ

ہنزہ ، کریم آباد میں 1100 سال پرانا التت قلعہ تاریخ کا اہم حصہ
May 13, 2018
گلگت (92 نیوز) وادی ہنزہ میں برف پوش پہاڑوں کے وسط میں بہتا دریا اور بلند چوٹیوں پر بنے عظیم الشان بادشاہی قلعے تاریخی اعتبار سے اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ شاہانہ رہن سہن اورجنگ کے دنوں میں محفوظ پناہ گاہ سمجھے جانے والے قلعے آج بھی اپنی اصل حالت میں موجودہیں۔ دلکش مگر یخ بستہ ہواوں کے سحر میں جکڑی یہ ہے وادی ہنزہ، جہاں کی صدیوں پرانی تاریخ دیکھنے والوں کو بیتے ہوئے ایام میں لے جاتی ہے۔ ہنزہ  کے علاقے کریم آباد میں واقع 11 سو سال پرانا التت قلعہ تاریخ کا اہم حصہ ہے، جس کے درودیوار، اور اندر موجود ایک ایک شے شاہانہ دور کی ان مٹ یادیں اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ شاہی خاندان کے لباس، بادشاہ کا دربار، شاہی رسوئی اور زندان سمیت ہر شے اپنی اصل حالت میں موجود ہے۔ دریا ہنزہ کے اس پار نظر دوڑائیں تو 700 سال پرانا قلعہ بلتت بھی اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ موجود ہے۔ التت سے بلتت قلعے تک کے سفر میں ہنزہ کی تنگ گلیاں بھی گزرے وقت کی خوب یاد دلاتی ہیں۔ کئی جنگوں میں ثابت قدم رہنے والے قلعہ بلتت میں ہنزہ کے امیروں نے 62 دروازے رکھے۔ قلعے کے اندر داخل ہوتے ہی سیاح 7 صدیوں پرانے دور میں پہنچ جاتے ہیں۔ قلعہ التت کا سب سے خوبصورت مقام رائل گارڈن ہے جہاں کی تروتازگی اور ہر سو پھیلی ہریالی آج بھی قائم ہے۔ وادی ہنزہ کے نظارے یادوں میں محفوظ کرنے والے سیاح یقینا تا عمر اس خوبصورتی کے گرویدہ رہیں گے۔