Friday, March 29, 2024

ہندوستان کا 1971ء میں پاکستانی آبدوز "پی این ایس غازی" ڈبونے کا سفید جھوٹ بے نقاب

ہندوستان کا 1971ء میں پاکستانی آبدوز "پی این ایس غازی" ڈبونے کا سفید جھوٹ بے نقاب
December 4, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ہندوستان کا 1971ء میں پاکستانی آبدوز "پی این ایس غازی" ڈبونے کا سفید جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔

بھارتی بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل (ر) ارون پرکاش نے ازخود بھارتی دعویٰ غرق کر دیا۔ ان کا کہنا ہے پاک بحریہ کی آبدوز چند پراسرار حالات میں ڈوبی۔ بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس راجپوت نے پاکستانی آبدوز نہیں ڈبوئی۔ پاکستانی آبدوز غازی وشاکاپٹنم بندرگاہ کے باہر بارودی سرنگ بچھاتے ہوئے تباہ ہوئی۔ اس رات ایک تباہ کن بحری جہاز گشت پر تھا جس نے زیر آب ارتعاش محسوس کیا۔ جب غوطہ خوروں نے زیر آب جا کر معائنہ کیا تو پاکستانی آبدوز غازی ڈوب چکی تھی۔

ایڈمرل (ر) ارون پرکاش کا کہنا تھا جنگ کے دوران اس واقع کے گرد بہت سی دھند چھائی رہی۔ ہماری بحریہ کی تحقیق نے ثابت کیا کہ پاکستانی آبدوز کے اندر دھماکہ ہوا تھا۔ پی این ایس غازی میں بہت سی بارودی سرنگیں تھیں، دھماکہ ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا آبدوزوں میں بیٹریز ہوتی ہیں، جو ہائیڈروجن خارج کرتی ہیں، دھماکہ ممکن ہے۔

پاک بحریہ کی فلیگ شپ آبدوز پی این ایس غازی نے 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں حصہ لیا۔ پاک بحریہ کی آبدوز کو 1971ء میں وشاکاپٹنم بندرگاہ کے اردگرد بارودی سرنگیں بچھانے کا فریضہ سونپا گیا۔ اسی دوران چند پرسرار حالات یا ممکنہ طور پر اپنی بارودی سرنگ کے دھماکے کے بعد آبدوز غازی ڈوب گئی۔

پاکستان نے ہمیشہ کہا پی این ایس غازی پرسرار حالات میں خلیج بنگال میں ڈوبی اور لغو بھارتی دعوے مسترد کیے۔ ہندوستانی حکومت، مورخین، ذرائع ابلاغ اور فلم ساز غازی کو ڈبونے کا جھوٹ الاپنے پر بضد رہے۔ ہندوستانی بحریہ نے جان بوجھ کر غازی بارے تمام ریکارڈ تباہ کیا تاکہ کسی صورت سچ سامنے نہ آ سکے۔ بھارتی بحریہ اور دیگر کو کیا معلوم تھا کہ ان کے اپنے سابق سربراہ ہی جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول دیں گے۔ پاک بحریہ کی عظیم آبدوز غازی نے پہلی مرتبہ شمالی بحیرہ عرب میں جارحانہ گشت کی روایت قائم کی۔ پی این ایس غازی اور اس کے شہداء ہمیشہ جرات، بہادری اور دفاع وطن کے لیے سرفروشی کا عظیم استعارہ رہیں گے۔