Saturday, April 20, 2024

ہندو یاتری کٹاس راج مندر جانے کیلئے پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے

ہندو یاتری کٹاس راج  مندر جانے کیلئے پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے
December 9, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان کی جانب سے 139 ہندو یاتریوں کو کٹاس راج چکوال کیلئے ویزے جاری ہونے کے بعد ہندو یاتری  پاکستان پہنچنا شروع ہوگئے، ہندو یاتری 15 دسمبر تک مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ پاکستان نے کمال فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 139 ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کئے ، دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق ویزہ اجراء سے ہندو یاتری 9 تا 15 دسمبر کٹاس راج چکوال میں مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان، بھارت سیاحت برائے مذہبی مقامات کے معاہدے 1974ء کے تحت ویزے جاری کیے گئے، ہائی کمیشن نے نومبر میں بھی 3 ہزار 800 سکھ یاتریوں کیلئے ویزا کااجراء کیا تھا۔ حال ہی میں شادانی دربار سکھر کیلئے بھی 220 ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے تھے ۔ کٹاس راج، چکوال ہندوؤں کے اہم مقامات مقدسہ میں سے ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کا کہنا ہے کہ  یہ دوسرا موقع ہے کہ ہندو یاتریوں کو بڑی تعداد میں ویزے جاری کیے گئے ہیں ، مذہبی مقامات کی زیارت کیلئے سہولیات کی فراہمی حکومتی پالیسی کا حصہ ہے اور پاکستان پورے خلوص سے 1974ء کے معاہدے کا اطلاق کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان یاتریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے  اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مابین عوامی روابط کو مزید مضبوط بنائیں گے۔