Thursday, March 28, 2024

ہندو پنڈت کی آخری رسومات میں ہزاروں کشمیری مسلمانوں کی شرکت

ہندو پنڈت کی آخری رسومات میں ہزاروں کشمیری مسلمانوں کی شرکت
August 25, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں نے ہندوتوا کے چہرہ پر طمانچہ تھما دیا۔ کشمیری ہندو پنڈت کی آخری رسومات میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے دنیا بھر کو اپنے امن پسند ہونے کا ثبوت دے دیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جھوٹ ہر روز بے نقاب ہو رہا ہے۔ مقبوضہ وادی میں انتہا پسندی کا راگ الاپنے والے ہندتوا کے پجاریوں کو ضلع پلوامہ کے کشمیری مسلمانوں کا منہ توڑ جواب مل گیا۔ کشمیری ہندو پنڈت رتن لال کی آخری رسومات میں ہزاروں لوگ امڈ آئے۔ کرفیو اور دوسری پابندیوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے آس پاس کے دیہات سے تقریباً دو ہزار لوگ آئے اور اپنی امن پسندی اور مقبوضہ وادی کی مذہبی ہم آہنگی کو ثابت کر دیا۔ آنجہانی رتن لال کے ہمسائے عباس احمد کا کہنا ہے کہ ہم مذہبی ہم آہنگی پر یقین رکھتے ہیں، ہم محبت پر یقین رکھتے ہیں، میں کہتا ہوں کہ انسانیت کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ ایک کشمیری مسلمان کا کہنا تھا کہ سارے مسلمان وہاں گئے ہیں اور اس کی آخری رسومات میں شرکت کی ہے یہ یہاں کا بھائی چارہ ہے۔ کشمیری مسلمانوں نے رتن لال کی ارتھی کی تیاری میں بھی مدد کی اور خود لکڑیاں اٹھا کر رکھتے رہے۔