Friday, May 10, 2024

ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیاں‘ دہلی میں ہونیوالی عالیشان پاکستان نمائش منسوخ

ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیاں‘ دہلی میں ہونیوالی عالیشان پاکستان نمائش منسوخ
September 24, 2016
اسلام آباد (92نیوز) بھارتی انتہا پسندوں کی دھمکیوں نے پاکستانی تاجروں کو خوف زدہ کردیا۔ پاک بھارت کشیدگی کے باعث دہلی میں ہونیوالی عالیشان پاکستان نمائش منسوخ کر دی گئی۔ نمائش میں دوسو سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے اسٹالز لگانے تھے۔ تفصیلات کے مطابق انتہاپسندی اور جنگی جنون نے بھارت کو کہیں کا نہ چھوڑا۔ پاکستانی فنکار، تاجر اورصنعتکار سب سے بڑی جمہوریت کے دعوے دار ملک میں جانے سے خوف محسوس کرنے لگے۔ انتہا پسندوں کی مسلسل دھمکیوں کے باعث ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے دہلی میں 26 اکتوبر کو ہونیوالی عالیشان پاکستان نمائش منسوخ کردی۔ ٹی ڈیپ کے حکام کا کہنا ہے کہ نمائش پاک بھارت کشیدگی کے باعث منسوخ کی گئی۔ موجودہ حالات میں دہلی میں عالیشان پاکستان نمائش کا انعقاد ممکن نہیں۔ عالیشان پاکستان نمائش میں 200 پاکستانی کمپنیز کے اسٹالز لگائے جانے تھے۔ ٹی ڈیپ کے سربراہ ایس ایم منیر کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے دو طرفہ تجارت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ بھارت میں پاکستانیوں کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔ بھارتی حکومت سیاست اور تجارت کو الگ کرے۔ ایس ایم منیر کا کہنا ہے کہ ٹی ڈیپ نے 2012ءاور 2014ءمیں دہلی میں عالیشان پاکستان نمائش کا انعقاد کیا تھا جسے بھارتی عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔ پاکستان کو اس نمائش سے 35 ملین ڈالرز کے آرڈرز ملے تھے۔