Saturday, April 20, 2024

ہمیں کورونا کیساتھ ساتھ بھوک سے بھی لڑائی لڑنی ہے، شاہ محمود قریشی

ہمیں کورونا کیساتھ ساتھ بھوک سے بھی لڑائی لڑنی ہے، شاہ محمود قریشی
May 3, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ ہمیں کورونا کیساتھ ساتھ بھوک سے بھی لڑائی لڑنی ہے، معیشت طویل لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتی، صورتحال کےمطابق حکمت عملی بنانا ہوگی۔ شاہ محمود قریشی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا، برطانیہ میں ڈاکٹرز پاکستانی پرچم کو بلند کر رہے ہیں، رمضان کی برکتوں سے پاکستان کے شہریوں کو اس وباء سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک طبقے نے نیک نیتی سے لاک ڈاؤن کا پرچار کیا، لاک ڈاؤن کے جہاں فوائد ہیں وہاں نقصانات بھی ہیں، ہمیں لاک ڈاؤن کے ساتھ عوام کو بھی سوچنا ہے، جہاں کورونا کا دباؤ کم ہے وہاں عوام کو سہولت دینی چاہیے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سب سے بڑا قرنطینہ سنٹر ملتان میں قائم کیا گیا، امید ہے وزیراعلیٰ ایکسپو فیلڈ اسپتال میں مریضوں کے احتجاج کا نوٹس لیں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کورونا چیلنج طویل ہے، ہوسکتا یہ 6 ماہ یا ایک سال چلے، عوام لمبے دورانیے کا لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرپائے گی۔ شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ 22 کروڑ کی آبادی میں بہت کم لوگ وینٹی لیٹرز پر ہیں، یہ بیماری آبھی سکتی ہے اور بغیر محسوس ہوئے آپ کو چھو کر جا بھی سکتی ہے، کشمیر میں کرفیو، ظلم و جبر جاری ہے، مودی سرکار کو دنیا کے کرب کا احساس نہیں۔