Saturday, April 27, 2024

ہمیں ووٹ کیوں نہیں دیا !!! جرائم پیشہ عناصر نے کراچی کے شہریوں کو پیٹ ڈالا

ہمیں ووٹ کیوں نہیں دیا !!! جرائم پیشہ عناصر نے کراچی کے شہریوں کو پیٹ ڈالا
December 7, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں مخالف امیدوار کو ووٹ دینے پر جرائم پیشہ عناصر نے گھروں پر حملہ کرکے مکینوں پر تشدد کیا۔ رہائشی مین شاہراہ پر نکل آئے اور رات بھر دھرنا دیے بیٹھے رہے۔ پانچ گھنٹے بعد پولیس سے مذاکرات ہونے پر مظاہرین نے گھروں کی راہ لی۔ تفصیلات کے مطابق سرد رات میں پرانی سبزی منڈی کرنال کالونی کے رہائشی جرائم پیشہ افراد کے خوف سے گھربار چھوڑ کر کھلے آسمان تلے آگئے۔ رات 12 بجے جرائم پیشہ افراد نے ووٹ نہ ملنے پر کرنال کالونی پر حملہ کر دیا۔ ہوائی فائرنگ کی اور گھروں میں گھس کر مکینوں پر تشدد کیا، پولیس پہنچی تو ملزم فرار ہو گئے۔ پولیس اہلکار سرچ آپریشن کرتے ہوئے دروازے توڑ کر گھروں میں داخل ہوئے اور مکینوں سے بازپرس کی۔ اس دوران علاقے سے وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں بھی آتی رہیں مگر پولیس نے سرچ آپریشن کو چند گھروں تک محدود رکھا اور نکلتے بنے۔ ملزموں کے دوبارہ آنے کے خوف میں مبتلا رہائشی اپنی خواتین اور بچوں کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے یونیورسٹی روڈ پر آ گئے اور دھرنا دے دیا۔ مرد رات بھر ہاتھ اٹھا کر نعرے بازی کرتے رہے جبکہ خواتین سڑک پر بیٹھی رہیں۔ بچے کبھی ماں کی گود میں جاتے تو کبھی سڑک پر بھاگتے دوڑتے نظر آتے۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان رات بھر مذاکرات کے کئی دور ہوئے۔ اس دوران پانچ گھنٹوں بعد پولیس نے ملزموں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی تو مظاہرین صبح سات بجے گھروں کو روانہ ہوئے۔