Thursday, May 9, 2024

ہمیں رات کو مرنے دیں مگر گیس دیں، سرفراز بگٹی

ہمیں رات کو مرنے دیں مگر گیس دیں، سرفراز بگٹی
January 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ہمیں رات کو مرنے دیں مگر گیس دیں۔ کوئی ایف آئی آر درج نہیں کرائیں گے۔ سینیٹر سرفراز بگٹی حکومت پر برس پڑے، کہتے ہیں کہ سوئی کو گیس نہ ملی تو سینیٹ سے استعفیٰ دے دیں گے۔ بلوچستان کے علاقے سوئی میں گیس کی عدم فراہمی، سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں سینیٹر سرفراز بگٹی پھٹ پڑے، بولے آپ ہمیں رات کو مرنے دیں مگر گیس دیں، ہم ایف آئی آر درج نہیں کرائیں گے۔ سرفراز بگٹی نے مزید کہا سوئی اور دیگر علاقوں کو اگر گیس نہ ملی توسینیٹ سے استعفیٰ دے دوں گا، جب اس طرح کے حالات ہوں گے تو لوگوں کے پاس بندوق اٹھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا سوئی گیس حکام نے کمیٹی کے ارکان کو بتایا کمرشل سرگرمیوں کی وجہ سے پریشر کم ہے، صورتحال بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا سیفٹی کیلئے سرفرازبگٹی اقدامات کریں گے آپ گیس فراہم کریں، کمیٹی نے سوئی میں گیس لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی سفارش کردی۔