Friday, April 26, 2024

ہملٹن ٹیسٹ: پاکستان 216رنز پر آل آئوٹ، بابر اعظم کے 90رنز

ہملٹن ٹیسٹ: پاکستان 216رنز پر آل آئوٹ، بابر اعظم کے 90رنز
November 27, 2016

ہملٹن (92نیوز) ہیملٹن ٹیسٹ میں کیویز کے حملے سے پاکستانی بیٹنگ کے ستون لرز اٹھے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں۔ بابر اعظم کے سوا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

تفصیلات کے مطابق ہیملٹن میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستانی بیٹنگ کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ پیسرز نے نئی گیند سے مہمانوں کا جینا محال کر دیا۔ پاکستان نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز چھہتر رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ پاکستان کے آوٹ ہونے والے چھٹے بلے باز سرفراز تھے جو ایک سو انتیس کے مجموعی اسکور پر اکتالیس رنز بنا کر وینگر کا شکار بنے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ 192 کے سکور پر گری جب سہیل خان 37 رنز بنا کر ساؤتھی کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔ آٹھویں وکٹ وہاب ریاض کی تھی جو بغیر کوئی رنز بنائے 193 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی آٹھویں وکٹ محمد عامر کی صورت میں گری جبکہ عمران خان آؤٹ ہونیوالے آخری کھلاڑی تھے۔

اس طرح پوری ٹیم 216رنز پر آئوٹ ہو گئی۔ بابر اعظم نوے رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں نیوزی لینڈ کو پاکستان پر پچپن رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اس سے پہلے دوسرے دن کے کھیل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئی تھی۔