Friday, May 17, 2024

ہمت ہے تو ہتھکڑی لگائیں، شاہد خاقان، حکومت بوکھلا چکی، احسن اقبال

ہمت ہے تو ہتھکڑی لگائیں، شاہد خاقان، حکومت بوکھلا چکی، احسن اقبال
October 5, 2020
لاہور (92 نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہمت ہے تو ہتھکڑی لگائیں۔ سینئر ن لیگی رہنماء احسن اقبال بولے حکومت پی ڈی ایم کے قیام سے بوکھلا چکی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس پرچے کے مطابق یہ بغاوت پنڈی سازش کیس، اگرتلہ سازش کیس سے بھی بڑی ہے۔ اس پرچے کے مطابق جو پاکستان چلایا کرتے تھے وہ سب بغاوت کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار دن سے وفاقی وزراء یہی راگ الاپ رہے تھے، اگر وفاقی وزراء میں جان ہے تو پھر بدر رشید کا نام نہ لیں خود پرچہ درج کروائیں۔ اگر جمہوریت آئین کی بالادستی کا نام لینا بغاوت ہے تو ہرروز بغاوت ہوگی۔ اگر کشمیر کے سودے کی بات کرنا اور اگر ملک کے خلاف سازش بے نقاب کرنا بغاوت ہے تو ہرروز ہوگی۔ جب الزام لگانے کے لئے کچھ نہ رہ نائے تو بغاوت کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔ سابق وزیراعظم بولے کہ عثمان بزدار اس معاملہ میں نہ پڑے،وفاقی وزراء میں ہمت ہوتی تو خود لکھتے، عمران اور بزدار اپنا نام لکھتے۔ یہ ہتھکنڈے نہیں چلیں گے، آپ آج سیاست میں غداری لے آئے ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اس حکومت سے عوام کو نجات دلائے گا۔ معاملہ اب حماقتوں سے آگے نکل چکا ہے۔