Friday, May 10, 2024

ہمارے نبی کریم ﷺ جیسا عظیم انسان آیا ہے نہ آسکتا ہے، وزیراعظم

ہمارے نبی کریم ﷺ جیسا عظیم انسان آیا ہے نہ آسکتا ہے، وزیراعظم
October 30, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ہمارے نبی کریم ﷺ جیسا عظیم انسان آیا ہے نہ آسکتا ہے۔ اسلاموفوبیا کے خلاف جب تک مسلم اُمہ کے سربراہان مل کر اسٹینڈ نہیں اپنائیں گے یہ بڑھتا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے قومی رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رحمت اللعالمین ﷺکانفرنس کی بڑی اہمیت ہے، ہمیں عوام بالخصوص نوجوانوں کو سیرت النبیﷺ کے بارے میں آگاہی دینی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن اور رسول ﷺ کی زندگی کے ذریعے ہمیں راہ دکھائی۔ کہا کہ رسول کریم ﷺ کو جتنی کامیابیاں ملیں وہ بے مثال ہیں، نبی کریمﷺ کا آخری خطبہ انسانیت کا چارٹر ہے۔ عمران خان بولے کہ مغرب کے لوگوں کو سمجھ نہیں جو ہمارا نبیﷺ سے رشتہ ہے، ہم اللہ کے سارے انبیا کے نام ادب سے لیتے ہیں، یہ چیز وہاں نہیں ہے۔ اُنہوں نے مزاحیہ فلمیں بنائی ہوئی ہیں جو بے حرمتی کرتی ہیں حضرت عیسیٰ کی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں زیادہ تر لوگ لادین بن چکے ہیں، یورپ میں ایک چھوٹا سا طبقہ ہے جو اسلام دشمن ہے اس طبقے نے پراپیگنڈا سے فائدہ اٹھایا۔ یہودی کمیونٹی تھوڑی سی ہے مگر اتنی منظم ہے کہ مغرب میں کسی میڈیا، کسی سیاستدان میں جرات نہیں کہ ہولوکاسٹ پر بات کرے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سمجھتا ہوں جس چیز سے کسی کمیونٹی کو تکلیف پہنچتی ہے تو وہ نہیں کرنی چاہئے، یہی بات رحمت اللعالمینﷺ کرتے تھے۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا ہے ہولوکاسٹ کے خلاف کوئی مزاحیہ بات کرسکے۔ ہم سوا ارب مسلمان یہ کیوں نہیں کرسکے، ایسے واقعات ہوتے ہیں تو اسلامو فوبیا بڑھ جاتا ہے، مغرب میں مقیم مسلمان مشکلات میں آجاتے ہیں۔ ہم بھی آزادی اظہار کی قدر کرتے ہیں مگر کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا آزادی اظہار رائے نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انسان نے اپنے ہاتھوں سے ماحول کو خراب کیا۔