Friday, April 19, 2024

ہمارے مطالبات پر پیش رفت انتہائی سست تھی، اب کچھ سنجیدگی نظر آئی ہے، خالد مقبول صدیقی

ہمارے مطالبات پر پیش رفت انتہائی سست تھی، اب کچھ سنجیدگی نظر آئی ہے، خالد مقبول صدیقی
January 19, 2020
 کراچی (92 نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہمارے مطالبات پر پیش رفت انتہائی سست تھی،اب کچھ سنجیدگی نظر آئی ہے۔ کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ڈی ایم سی سینٹرل کے زیر اہتمام اسپورٹس گالا کا افتتاح کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد صدیقی نے کہا ایسے ایونٹس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ خالد مقبول صدیقی کا کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا معاہدے پورے ہونے کے دن ہیں، امید ہے تمام معاملات جلد حل ہو جائیں گے۔ ہم نے تحریک انصاف سے جو وعدے کیے وہ پورے کیے، شور مچائے بغیر کراچی کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ڈسٹرکٹ سینٹرل مسائل کے باوجود بہترین کام ہو رہا ہے۔ یہ بھی کہا کراچی کی ترقی کا راز ایم کیوایم کے ہی پاس ہے باہر سے آئے لوگ کچھ نہیں کر سکتے۔ تقریب سے  ایم کیوایم کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطابات کیے۔ اسپورٹس گالا میں 20 ایسوسی ایشنز کے گیارہ سو سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں جمناسٹک ، باکسنگ ، بیڈمنٹن اور کراٹے سمیت بیس کھیلوں کے مقابلے ہونگے۔