Thursday, April 25, 2024

ہمارے مطابق آئی جی کا مسئلہ حل ہو چکا ہے ، سعید غنی

ہمارے مطابق آئی جی کا مسئلہ حل ہو چکا ہے ، سعید غنی
February 9, 2020
 کراچی (92 نیوز) صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہمارے مطابق آئی جی کا مسئلہ حل ہو چکا ہے۔ سعید غنی کا کہنا تھا پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی آئی جی کے معاملے پر اتنی مشاورت نہیں ہوئی ہو گی۔ سندھ کو بار بار سوتیلے ہونے کا احساس دلایا جاتا ہے۔ وفاقی حکومت آئی جی کی سرپرستی کر رہی ہے۔ سعید غنی بولے کسی کو منتخب حکومت کیخلاف باتیں اور سازشیں کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ آئی جی سندھ بجائے تبدیل ہونے کے صوبائی حکومت کو ٹھینگا دکھا رہے ہیں۔ ایسی روایت نہ ڈالیں جس سے کسی صوبائی حکومت کا وقار مجروح ہو۔ قانون میں جتنی مشاورت لکھی گئی شائد اس سے زیادہ مشاورت ہو چکی۔ پنجاب میں 5 آئی جی تبدیل ہوئے اور یہاں تبدیل ہونے کے بجائے آئی جی صوبائی حکومت کو منہ چڑھا رہا ہے۔ کیا کسی افسر کو یہ اختیار ہے کہ منتخب حکومت اور وزراء کے خلاف سازش کرے اور وفاق کچھ نہ کرے۔ انہوں نے کہا آئی جی کے معاملے پر وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کی طویل مشاورت ہوئی۔ ایسی روایت نہ ڈالی جائے کہ دوسرے صوبوں میں بھی افسران منتخب نمائندوں کے خلاف بولیں۔ اگر یہ شرط آجائے کہ اپوزیشن کی این او سی لینا ضروری ہے تو وہ بھی کرنے کی کوشش کرینگے۔