Friday, April 26, 2024

جنگوں سے تباہی ، نقصان اور موت ہوتی ہے ، پاکستان امن دوست ملک ہے ، آرمی ‏چیف

جنگوں سے تباہی ، نقصان اور موت ہوتی ہے ، پاکستان امن دوست ملک ہے ، آرمی ‏چیف
December 22, 2018
کراچی ( 92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارے جوانوں اور قوم نے اپنا لہو دیکر امن کا قیام ممکن بنایا ، امن کا فائدہ ہرکسی کو ہوتا ہے،جنگیں عوام کے لئے تباہی کا سامان لاتی ہیں، بھارت نئی پاکستانی حکومت کی مذاکرات کی پیشکش کو ہماری کمزوری نہ سمجھے۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی  کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب  کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی اور انتہا پسندی کے مرحلے سے تاحال باہر نہیں نکلے ،سوشل میڈیا کے ذریعے ہمارے  اپنے لوگوں کو ساتھ ملاکر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی گئی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار کا کہنا تھ اکہ مسئلہ کوئی بھی اور کتنا ہی گھمبیر ہو ، حل مذاکرات سے ہی ہوتا ہے ، بھارتی دوستی اور مذاکرات کی پیشکش کو ہماری کمزوری نہ سمجھے ۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ ہمارے سپاہیوں اور جوانوں نے مادر وطن کیلئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا، اتحاد ، اتفاق اور نظم و ضبط کیلئے ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا ہم پر فرض ہے ، آیے خوشحالی کی جانب آگے بڑھیں ۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم بھوک افلاس ناخواندگی اور بیماریوں کے خلاف جنگ لڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 1971 ،1979 اور 2001 میں مشکل ترین حالات دیکھے، پاکستان ہمیشہ رہے گا، ہماری نئی نسلیں یہیں پر پھلیں پھولیں گی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے پریڈ کا معائنہ کیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو انعامات اور اعزازات سے نوازا۔ بہترین کارکردگی پر لیفٹیننٹ حارث علی خان کو قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ بحرین، اردن، مالدیپ، قطر، سعودی عرب اور یمن کے کیڈٹس نے بھی کورس میں شرکت کی۔