Thursday, April 25, 2024

ہمارے ادارے ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں ، وزیر اعظم

ہمارے ادارے ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں ، وزیر اعظم
November 29, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا دشمن طاقتوں نے سوچا تھا پاکستانی ادارے آپس میں لڑ پڑیں گے، ہمارے ادارے ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا پاکستان میں ڈیموکریسی میچور ہوتی جارہی ہے۔ ہماری پارٹی نے آزاد عدلیہ کے لیے تحریک چلائی۔ میں عدلیہ کی آزادی کے لیے جیل بھی گیا۔ وزیر اعظم نے کہا پچھلے دنوں میں ملک کو ڈی اسٹیبلائز کرنے کی کوشش کی گئی۔ پاکستان نے جس طرح کشمیر کا ایشو اٹھایا ہوا تھا وہ سارا پیچھے چلا گیا۔ کبھی بھی کشمیر کا ایشو پاکستان نے اس طرح نہیں اٹھایا تھا جیسے اب اٹھایا ہے۔ عمران خان بولے گزشتہ ادوار میں اہم عہدوں پر نااہل لوگوں کو تعینات کیا گیا۔ ہمارے ملک میں کوالٹی کے لوگوں کا اوپر آنا بہت ضروری ہے۔ ہماری حکومت نے ملک میں میرٹ کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے ملک کا سب سے بڑا اثاثہ بیرون ملک پاکستانی ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز کو قانونی ذرائع سے پیسے بھیجنے پر راغب کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہم نے ہمسایہ ممالک سے اپنے تعلقات بہتر کئے ہیں۔ سعودی عرب سے ہمارے تعلقات اچھے تھے ہی اب ایران سے بھی تعلقات ٹھیک کیے ہیں۔ ترکی سے بھی ہم تعلقات مزید بہتر کررہے ہیں۔ وزیر اعظم بولے ہم اس مشن پر آرہے ہیں کہ پاکستان کے لیے ٹریڈ لے کر آنی ہے۔ صدر عارف علوی کو بھی ہم افریقہ بھجوائیں گے۔ جب بھی موقع ملا میں خود بھی افریقہ جاؤں گا۔انہوں نے کہا پاکستان دشمن قوتوں کو شکست ہوئی ہے۔ پاکستان مشکل وقت سے نکل کر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انشاء اللہ پاکستان کو آگے بڑھنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔