Sunday, September 8, 2024

ہماری پالیسی کی وجہ سے مہنگائی کم اور شرح سود نیچے آ گئی : گورنر اسٹیٹ بینک

ہماری پالیسی کی وجہ سے مہنگائی کم اور شرح سود نیچے آ گئی : گورنر اسٹیٹ بینک
March 15, 2016
کراچی (92نیوز) گورنر اسٹیٹ بینک کہتے ہیں کہ ملکی خسارہ کم ہو رہا ہے۔ امن وامان بہتر ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو ہے۔ اب ہماری معیشت کو کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر بھی بیس ارب ڈالرز سے تجاوزکرگئے۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے گونگ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ نے کہا کہ اب ہماری معیشت کو کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ اشرف محمود وتھرا نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی پالیسی کی وجہ سے مہنگائی کی شرح میں کمی کی وجہ سے شرح سود نیچے آیا ہے جبکہ معیشت میں مزید بہتری کا کردار سی پیک بھی ادا کرے گا جس کا آغاز ہو چکا ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ توانائی کا بحران کم ہوا ہے۔ امن و امان بہتر ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئر مین پاکستان اسٹاک ایکسچینج منیر کمال بھی موجود تھے۔