Friday, April 26, 2024

ہماری حکومت کو چین سے کام نہیں کرنے دیا گیا، نواز شریف کا شکوہ

ہماری حکومت کو چین سے کام نہیں کرنے دیا گیا، نواز شریف کا شکوہ
November 22, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف حاضری سے استثنیٰ کے باوجود احتساب عدالت پہنچ گئے۔ احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عدلیہ پر دوہرا معیار اپنانے کے الزامات لگاتے رہے اور ساتھ ہی شکوہ کیا کہ ان کی حکومت کو چین سے کام نہیں کرنے دیا گیا لیکن ملک نے ترقی کی۔
اس موقع پر نواز شریف نےعمران خان اور جہانگیر ترین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور اپنی وزارت عظمیٰ کے دور کی کارکردگی بھی دہرائی۔ نواز شریف نے کہا کہ ان کیلئے انصاف کا معیار کچھ اور دوسروں کیلئے کچھ اور ہے۔ ان کیخلاف فیصلے جلدی آ جاتے ہیں دیکھیں دوسروں کیخلاف فیصلہ کب آتا ہے؟ ۔
نواز شریف نے کہا کہ جھوٹے الزامات لگانا اور انتشار پھیلانا تحریک انصاف کا وطیرہ ہے۔ دھرنوں کے باوجود ہم نے ڈیلیور کیا۔ 2014 میں شروع ہونے والے دھرنے اب تک کسی نہ کسی صورت جاری ہیں تحریک انصاف نے حکومت کو کام نہیں کرنے دیا۔ پی ٹی آئی کی طرف سے جھوٹ دھونس اور دھرنوں کی سیاست کی گئی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کے بھی کرپشن کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ کوئی بھی کرپشن سے پاک نہیں ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سرکاری گاڑیاں لے کر دھرنے میں آتے رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کام کر کے دکھایا نہ صرف لوڈ شیڈنگ ختم کی بلکہ دہشت گردی کا بھی خاتمہ کیا۔