Friday, May 17, 2024

ہماری افواج نے پاکستان کو ناقابل ‏تسخیر بنا دیا، صدر، وزیراعظم

ہماری افواج نے پاکستان کو ناقابل ‏تسخیر بنا دیا، صدر، وزیراعظم
September 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) صدرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یومِ دفاع پر پیغام میں کہا کہ ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری، جذبہ ایمانی نے پاکستان کو ناقابل ‏تسخیربنا دیا، ستمبر 1965 کا جذبہ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔ صدرعارف علوی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 55 سال قبل آج کے دن مسلح افواج اور قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، بری، بحری اور فضائی افواج نے مثالی جرات مندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔ انہوں نے کہا پوری قوم شہداء وطن کو سلام اور ان کے اہلخانہ کے جذبہ استقلال کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، اپنے دفاع اور سلامتی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کریں گے، بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے بڑا خطرہ ہے، کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا 6 ستمبر کا دن مسلح افواج کی جرأت، عزم صمیم اور ایثار و قربانی کی علامت ہے، مسلح افواج نے ثابت کیا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیارہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بے گناہ کشمیریوں پر دہشت اور خوف مسلط کررکھا ہے، لائن آف کنٹرول پر بھی جارحانہ طرز عمل کامظاہرہ کررہا ہے، ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیاء کےعوام کی اقتصادی بہبود اور خوشحالی کے لیے ہے، پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خود مختاری کا ہر قیمت پرتحفظ کریں گے۔