Tuesday, May 21, 2024

ہمارا دامن صاف ، کوئی غیر ملکی فنڈنگ نہیں لی ، وزیر اعظم

ہمارا دامن صاف ، کوئی غیر ملکی فنڈنگ نہیں لی ،  وزیر اعظم
February 1, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے، کوئی غیر ملکی فنڈنگ نہیں لی، پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی اُن سے کوئی خطرہ نہیں، نواز شریف سیاست میں پیسہ لائے، کھوکھر برادران ن لیگ کے اے ٹی ایم ہیں۔

پارٹی رہنماوں اور ترجمانوں کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کٹھا چٹھا کھول دیا،وزیراعظم نے لاہور میں قبضہ مافیا کیخلاف سخت اقدامات کی ہدایت بھی کردی۔ساتھ ہی قبضہ مافیا ارکان  پارلیمنٹ سے متعلق تفصیلات اسپیکرز  اور چیئرمین سینیٹ کو فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی، ان سے کوئی خطرہ نہیں، مریم نواز نے مولانا فضل الرحمان کو بھی پھنسا دیا، سینیٹ انتخابات شفاف بنانے کیلئے ترمیم لا رہے ہیں لیکن  اپوزیشن ترمیم کی مخالفت کرکے خود کو ایکسپوز کررہی ہے۔

دوران اجلاس فارن فنڈنگ پر بریفنگ بھی دی گئی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دامن صاف ہے کوئی غیر ملکی فنڈنگ حاصل نہیں کی، 40 ہزار سے زائد ڈونرز کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرادی ہیں، ن لیگ، پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتیں اب الیکشن کمیشن کو حساب دیں۔

ادھر وزیر اعظم سے مسلم لیگ ق کے وفد نے ملاقات کی ،  وزیر اعظم نے سینیٹ الیکشن پر حکمت عملی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،اسپیکرچودھری پرویزالہٰی اورگورنرپنجاب چودھری محمد سرور پرمشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ۔

وزیر اعظم سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی،طارق بشیر چیمہ اور مونس الہٰی نے ملاقات کی، اس موقع پر شاہ محمود قریشی پرویز خٹک اور شفقت محمودبھی موجود تھے ، ملاقات میں سینیٹ انتخابات کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر اعظم نے ق لیگ کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے لیے اتحادی امیدوار کامل علی آغا کے نام کی منظوری دے دی  ، حکومت نے سینیٹ انتخابات کی حکمت عملی کے لیے وزیراعلی عثمان  بزدار، اسپیکر چودھری پرویزالہٰی اورگورنرچودھری محمدسرورپرمشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔

اسپیکرنےوزیر اعظم کو پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے افتتاح کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی، وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ سینیٹ کے حوالہ سے اتحادیوں کی مشاورت سے آگے چلیں گے۔