Friday, April 19, 2024

ہم نے بہت سے بتوں کو توڑدیاہے،سیاسی اور انتظامی نااہلی نے مسائل پیدا کیے :کورکمانڈرکراچی

 ہم نے بہت سے بتوں کو توڑدیاہے،سیاسی اور انتظامی نااہلی نے مسائل پیدا کیے  :کورکمانڈرکراچی
May 16, 2015
کراچی(92نیوز)کور کمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کا کہنا ہے کہ شہر میں لینڈ مافیاز اور ٹینکر مافیاز سے لے کر القاعدہ تک نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑ رہے ہیں کئی بتوں کو توڑ دیا ہے جبکہ سیاسی اور انتظامی نااہلی نے مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورکمانڈر کراچی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں سیاسی صورتحال، فرقہ واریت اور دیگر مسائل سے نبردآزما ہیں اور دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوکاروں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف  بھی لڑ رہے ہیں لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ کراچی میں آپریشن  قومی اور صوبائی ایکشن پلان کے تحت شروع کیا گیا مختلف قسم کے مافیاز نے شہرکے مضافاتی علاقوں کو گڑھ بنایا ہوا ہے۔ کہیں ٹینکرمافیا ہے تو کہیں ڈرگ مافیا اور لینڈ مافیا جب کہ شہر میں منشیات فروش سے القاعدہ تک کے لوگوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز عسکریت پسندوں اور مافیاز کیخلاف مدد دیں ،کئی بتوں کو توڑ دیا ہے اور باقی بتوں کو توڑنے کےلئے پولیس اور انتظامیہ کو آزاد ہونے کی ضرورت ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ دہشتگرد ی کے خلاف سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ہمارے پاس ناکام ہونے کا کوئی آپشن نہیں۔