Thursday, March 28, 2024

ہم نے27 فروری کو اسی بجٹ کیساتھ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، آئی ایس پی آر

ہم نے27 فروری کو اسی بجٹ کیساتھ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، آئی ایس پی آر
June 5, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز ) پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہماری دفاعی بجٹ پر واویلا کرنے والا بھارتی میڈیا مت بھولے کہ ہم نے اسی بجٹ کیساتھ  اسے 27 فروری کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔ بھارتی میڈیا پروپیگنڈے سے باز نہ آیا،پاک فوج نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کافیصلہ کیا تو بھی بھارتیوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگے،بھارتی میڈیا نے دکانداری چمکانا شروع کردی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ردعمل میں کہا جعلی بھارتی میڈیا ہمارے اندرونی دفاعی بجٹ پر واویلا کررہا ہے،بھارت یہ مت بھولے کہ یہ وہی فوج ہے جو اسی بجٹ کے ساتھ ہے جو 27 فروری 2019 کو تھی،ہماری کامیابی کے پیچھےبجٹ نہیں فوج اور قوم کا عزم ہے،جوابی کارروائی کیلئےبھرپور صلاحیت موجود ہے۔ کل ہی کی بات ہے لیکن بھارتی میڈیا بھول گیا،پاکستانی شاہینوں کا نشانہ بننے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا اعترافی بیان آج بھی بھارت کا منہ چڑا رہا ہے ۔ سابق بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے بھی برملا اعتراف کیا تھا کہ بھارت بالاکوٹ حملے میں کچھ بھی حاصل نہیں کرسکا،کوئی ہلاکت ہوئی نہ ہی کسی قسم کا اور نقصان ہوا۔ بھارتی فضائیہ بھی اپنے اہداف کی ناکامی اور پاک فوج کی برتری کا اعتراف کھلے عام کرچکی ہے لیکن بھارتی میڈیا کو یہ نظر نہیں آرہا ۔ لگتا ہے کہ بھارت یہ بات بھول گیا کہ پاکستان کے22کروڑ عوام پاک فوج کےساتھ ہیں۔