Saturday, April 27, 2024

ہم ایک ذمہ دار ریاست اور امن چاہتے ہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر

ہم ایک ذمہ دار ریاست  اور امن چاہتے ہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر
February 27, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آٓصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  آج صبح پاکستان کی جانب سے دو بھارتی لڑاکا طیاروں کو نشانہ بنایا گیا ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے مقبوضہ کشمیر میں چھ ٹارگٹ  لاک کئے  اور ان کو  کھلی جگہ پر  مناسب فاصلہ رکھتے ہوئے کامیابی سے نشانہ بنایا ۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے نے کہا کہ چند روز سے بھارتی جارحیت پر  پاکستانی مسلح افواج کے پاس جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا ،  ہم ایک ذمہ دار ملک ہیں اور امن چاہتے ہیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم سب کچھ کر سکتے ہیں مگر خطے کے امن کے پیش نظر ایسا نہیں چاہتے ، ہم جنگ کی جانب نہیں جانا چاہتے  ۔ پاکستانی وزیر اعظم اور عوام نے امن کا پیغام دیا ہے ۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ چھ ٹارگٹ لینے کے بعد دو بھارتی جہاز ہماری حدود میں داخل ہوئے جن کو ہماری ائیر فورس نے مار گرایا ، واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی جائے گی ۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے ایف 16 طیارہ گرائے جانے  کے دعوے پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ  ایسی تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں ، آج کی کارروائی میں ایف 16 طیاروں نے حصہ نہیں لیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک بار پھر امن کی بات کرتے ہوئے کہا کہ  یہاں تک کے معاملات کے بعد اب دیکھنا ہوگا کہ آگے کا راستہ کیا ہے ، پاکستانی ریاست ، حکومت ، مسلح افواج اور عوام ہمیشہ امن کا پیغام  بھارت کو دیا ہے اور تمام مسائل کا حل پر امن طریقے سے چاہتے ہیں ۔  جنگ شروع کرنا آسان ہے ، ختم کہاں ہو گی کوئی نہیں جانتا۔جنگ میں کسی کی جیت نہیں ہوتی صرف انسانیت کی ہار ہوتی ہے ۔ میجر جنرل آصف غفور نے نیوز بریفنگ کے دوران سورۃ فاتحہ کی تلاوت بھی کی۔ تلاوت مکمل ہونے کے بعد صحافیوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔