Thursday, April 25, 2024

ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ، عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، عمران خان

ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ، عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں،  عمران خان
September 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ادارے آزاد و خود مختار ہیں، ایون فیلڈ ریفرنس میں ملزمان کی سزا معطلی سمیت تمام عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔ غیر ملکی دورے سے واپسی پر وزیراعظم عمران خان کی بنی گالہ میں اہم بیٹھک ہوئی جس میں پارٹی کی اعلی قیادت کی شرکت ہوئی۔ اہم بیٹھک میں نواز شریف کی سزا معطلی کے فیصلے پر تفصیلی غور کیا گیا اور فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے عدالتی فیصلے کے قانونی نکات پر اجلاس کو بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے ملک کے معاشی حالات پر ارکان کو بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ نے دورے سے متعلق بریف کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پہلے غیر ملکی دورے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کمزور معیشت کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر بولے ادارے آزاد و خود مختار ہیں۔ عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عدالتی فیصلوں کو آئین و قانون کی نظر سے دیکھتی ہے، ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ادارے مضبوط ہونگے تو ہر با اثر شخص کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ہمیں عام آدمی کی زندگی کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہونگے۔ حکومت کے پہلے سو روز میں عوام کو تبدیلی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشور پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کرپشن کو ایک مرتبہ پھر ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دے دیا۔