Friday, April 26, 2024

ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ نے گیارہویں بار چیمپئنز لیگ کی ٹرافی تھام لی

ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ نے گیارہویں بار چیمپئنز لیگ کی ٹرافی تھام لی
May 29, 2016
میڈرڈ (ویب ڈیسک) ریال میڈرڈ گیارہویں بار چیمپئینز کا چیمپئن بن گیا۔ سٹارز سے سجی ریال میڈرڈ نے چیمپئینز لیگ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے میں اٹلیٹکو میڈرڈ کو شکست دی۔ میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اٹلیٹکو میڈرڈ کا پہلی بار چیمپئینز لیگ جیتنے کا خواب پھر ٹوٹ گیا۔ پلیئرز نے مقابلہ تو خوب کیا لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا۔ اٹلیٹکو کے جوانفرین کی مس پنالٹی کے بعد رونالڈو کے گول نے ریال میڈرڈ کو گیارہویں مرتبہ چیمپئین بنا دیا۔ سنسنی خیز میچ میں کئی جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ میچ کا آغاز ہوا تو پہلے ہاف میں ریال میڈرڈ کے سرجیو راموس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ اٹلیٹکو میڈرڈ نے برتری ختم کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں یانک کیرسکو نے گول کر کے میچ میں ٹیم کو واپس لے آئے۔ اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آوٹ پر ہوا جس میں ریال میڈرڈ نے تین کے مقابلے میں پانچ گول کر کے اٹلیٹکو میڈرڈ کے سارے خواب چکنا چور کر دیے۔ دوسری جانب چیمپئنز لیگ کے فائنل کے نتیجے نے سپین میں دلچسپ صورتحال پیدا کر دی ہے کیونکہ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کا تعلق سپین سے ہے۔ اس لیے سپین میں ایک طرف جشن کا سماں ہے تو دوسری طرف صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ ریال میڈرڈ کے شائقین جشن منا رہے ہیں جبکہ اٹلیٹکو میڈرڈ کے چاہنے والوں کے آنسو روکے نہیں رک رہے۔ ریال میڈرڈ کے چیمپئین بنتے ہی ٹیم کے ہوم ٹاون میں جشن شروع ہو گیا۔ فاتح ٹیم ٹرافی اٹھائے جب وطن واپس پہنچی تو ہزاروں مداح ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ شائقین نے اپنے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور جیت کا خوب جشن منایا۔ ریال میڈرڈ نے چیمئینز لیگ کا ایک اور ٹائٹل جیت کر اپنا ریکارڈ مزید بہتر کر لیا۔ ہسپانوی کلب گیارہ ٹرافیوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ادھر اٹلیٹکو میڈرڈ کا پہلی دفعہ چیمپئین بننے کا خواب چکناچور تو ہوا ہی پرستاروں کے دل بھی ٹوٹ گئے۔