Friday, May 3, 2024

ہزاروں ایکڑ زمین پر 14اقسام کے سیب پیدا کرنیوالے قلات کے زمیندار حکومتی توجہ کے منتظر

ہزاروں ایکڑ زمین پر 14اقسام کے سیب پیدا کرنیوالے قلات کے زمیندار حکومتی توجہ کے منتظر
August 3, 2015
قلات (92نیوز) سیب کاشمار قوت بخش اور ذائقہ دار پھلوں میں ہوتا ہے۔ قلات میں ہزاروں ایکڑ اراضی پر سیب کی فصل کا شت کی جاتی ہے اور بہترین آب و ہوا کی وجہ سے یہاں کے سیب انتہائی لذیذ ہو تے ہیں۔ قلات میں 14سے زائد اقسام کے سیب پیدا ہو تے ہیں جن میں گاجا، گالا، ثمر ریڈ ، کولو ، امبری ،مشہدی، نازک بدن رن زن، طور قمری بجلی، کشمیری، گولڈن ، امریکی اور شکر سیب شامل ہیں۔ قلات میں بجلی کے بغیر زراعت ناممکن ہے۔ مقامی زمیندار ٹیوب ویل کے ذریعے 500 فٹ سے لیکر 800 فٹ تک زیر زمین پانی کو نکال کر اپنے باغات کو سیراب کر تے ہیں مگر بجلی نہ ہو نے کی وجہ سے سیب کی فصل بہت حد تک کم ہو گئی ہے اور اس کے سائز پر بھی فرق پڑ رہا ہے۔ مقامی زمینداروں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں رعایتی نرخوں پر حکومت کی جانب سے کیڑے مار ادویات اور سپرے فراہم نہیں کئے جاتے اور نہ ہی فصل کی پیداوار بڑھانے کیلئے کسی قسم کی تربیت دی جاتی ہے۔ زمینداروں نے شکوہ کیا کہ جب ہماری فصل تیار ہو جاتی ہے تو عین اسی وقت ایران اور چین سے سیب منگوا لئے جاتے ہیں جس سے مقامی زمینداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔