Friday, April 19, 2024

ہرنائی میں زلزلے سے متاثرہ بے گھر افراد نے رات کھلے آسمان کے نیچے گزاری

ہرنائی میں زلزلے سے متاثرہ بے گھر افراد نے رات کھلے آسمان کے نیچے گزاری
October 8, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ہولناک زلزلے نے تباہی مچا دی۔ ہرنائی میں زلزلے سے متاثرہ بے گھر افراد نے رات کھلے آسمان کے نیچے گزاری۔

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں گزشتہ روز آنے والے زلزلے نے ہر جانب تباہی کی ایک نئی داستان رقم کی ہے۔ زمین کی کچھ سیکنڈز کی لرزش نے پلک جھپکتے کئی آشیانے زمین بوس کر دیئے۔ ایک روز قبل چین کی نیند سوئے افراد زلزلے کے بعد آج کھلے آسمان تلے ہی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سہولیات کے فقدان اور پسماندگی سے گہرے اس خطے میں ہر آنکھ ہی اہل اقتدار سے سوال کر رہی ہے۔

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں جہاں ایک جانب امدادی سرگرمیاں جاری ہیں تو وہیں جاں بحق افراد کی تدفین بھی کر دی گئی۔ اسپتالوں میں زیر علاج مریض بھی حکومتی بے بسی پر نوحہ کناں ہیں۔

زلزلے سے متاثرہ ضلع میں اب بھی کئی دیہات ایسے ہیں جہاں حکومتی امداد نہیں پہنچ سکی اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ہی بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔