Saturday, April 27, 2024

ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے کمانڈر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک

ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے کمانڈر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک
October 23, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے پر سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کا کمانڈر طارق عرف ناصر بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیا گیا، سیکیورٹی فورسز کے پہنچتے ہی دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کے ساتھ ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ آپریشن کے دوران کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے کمانڈر طارق عرف ناصر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ یہ دہشت گرد گروپ بیرونی حمایت سے بلوچستان کے امن کے خلاف کام کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذمے داروں کے خلاف ایسے آپریشن جاری رہیں گے اور بلوچستان کے عوام کی سماجی ترقی و خوشحالی کا سخت محنت سے حاصل کردہ موقع سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔