Thursday, May 9, 2024

ہراسگی کا جھوٹا الزام لیکچرار کی جان لے گیا

ہراسگی کا جھوٹا الزام لیکچرار کی جان لے گیا
October 19, 2019
 لاہور (92 نیوز) ہراسگی کا جھوٹا الزام لیکچرار کی جان لے گیا۔ ایم اے او کالج لاہور کے لیکچرار افضل محمود پر طالبہ نے ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔ تفصیلات کے مطابق الزام غلط ثابت ہونے پر کالج انتظامیہ نے تصدیقی خط جاری نہ کیا۔ دلبرداشتہ افضل نے 9 اکتوبر کو زہر کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ افضل محمود کی لاش کے پاس ایک خط بھی ملا ۔ خط انہوں نے اپنی سینیئر ساتھی پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمٰن کو لکھا تھا۔ تحریر میں لکھا گیا جب تک مجھے تحریری طور پر الزام سے بری نہیں کیا جاتا یہ سمجھا جائے گا کہ میں برے کردار کا انسان ہوں۔ تحریری طور پر مجھے ان الزامات سے بری کرنے کا خط جاری کیا جائے یا انکوائری دوبارہ کر لی جائے۔ خط میں لکھا گیا کہ اس جھوٹے الزام کی وجہ سے میرا خاندان پریشانی کا شکار ہے۔ میری بیوی بھی آج مجھے بدکردار قرار دے کر جا چکی ہے۔ میرے پاس زندگی میں کچھ نہیں بچا۔ اپنا معاملہ اب اللہ کے سپرد کر رہاہوں۔ میری موت کے بارے میں کسی سے نہ تفتیش کریں اور نہ ہی زحمت دیں۔