Friday, May 10, 2024

ہر مافیا کے تانے بانے جاتی امرا اسٹیٹ سے ملتے ہیں، فردوس عاشق

ہر مافیا کے تانے بانے جاتی امرا اسٹیٹ سے ملتے ہیں، فردوس عاشق
January 30, 2021

لاہور (92 نیوز) معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے ن لیگ پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا، قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں سمیت ہر مافیا کے تانے بانے رائے ونڈ اور جاتی امرا اسٹیٹ سے ملتے ہیں۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، بزدار حکومت انصاف اور میرٹ پر کام جاری رکھے گی، کرپشن میں غوطے لینے والوں کو یہ ڈنڈا نظر آتا ہے۔ سینٹ الیکشن کے لیے آئینی ترامیم کا مقصد ریٹ لگانے والوں سے چھٹکارا پانا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا حکومت کا عزم ہے پنجاب کو منشیات سے پاک کیا جائے گا۔ پنجاب کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ نوجوان نشے کے عادی بن کر معاشرے پر بوجھ بن رہے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں میں منشیات فروشوں کو پشت پناہی حاصل تھی۔ منشیات کے خاتمے کیلئے اے این ایف کی کارروائیاں جاری ہیں۔

معاون خصوصی مزید بولیں کہ کنیز مافیا اس وقت جونک بن کر ن لیگ کو چمٹا ہوا ہے، اس مافیا پر بھی ہماری گہری نظر ہے، درباری حواری بھی پیلس ڈکلیئر کر رہے ہیں، پیلس بادشاہوں کے ہوتے ہیں۔