Sunday, May 12, 2024

ہر شہری حکومت کے جانے کا مطالبہ کر رہا ہے، بلاول بھٹو

ہر شہری حکومت کے جانے کا مطالبہ کر رہا ہے، بلاول بھٹو
January 11, 2021

مالاکنڈ (92 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا مالاکنڈ کے عوام نے فیصلہ سنا دیا، ہر شہری حکومت کے جانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

پی ڈی ایم کے مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ کے عوام اس نالائق، نااہل اور ناجائز وزیراعظم کو سات سال سے بھگت رہے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ تبدیلی والے صرف اور صرف جھوٹ بولتے ہیں، جو بھی وعدہ کیا جھوٹا نکلا۔ پیپلزپارٹی نے جب بھی مالاکنڈ کے عوام سے وعدہ کیا اسے پورا بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آمروں کا مقابلہ کیا اور اپنے حقوق کو چھینا ہے۔ آج مالاکنڈ میں کھڑے ہو کر آپ سے وعدہ کرتا ہوں ہم مل کر کٹھ پتلیوں کو بھگائیں گے، سلیکٹڈ راج کا خاتمہ اور حقیقی جمہوریت بحال کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا مالاکنڈ کے جوانوں نے جس بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ہماری سرزمین سے بھگا یا وہ پوری دنیا نے دیکھا۔ ہم نے قربانیاں دی ہیں۔ اس دھرتی نے بہت سے سانحات دیکھے ہیں، اس حکومت میں ہم اپنے اے پی ایس کے بچوں کو بھی انصاف نہیں دلا سکے۔ ہزارہ برادری کے کان کنوں کے ساتھ دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہوا، عمران خان نے لواحقین کے مطالبات کو بلیک میلنگ قرار دے دیا۔ آج تک کسی ایک شہید کو انصاف نہیں مل سکا۔ شہید بے نظیر بھٹو کو انصاف نہیں مل سکا۔ بلور خاندان اور میاں افتخار کو بھی انصاف نہیں ملا۔

اُنہوں نے کہا، نئے پاکستان میں چینی تو مہنگی ہے مگر عوام کا خون سستا ہے، ہمیں اس کو تبدیل کرنا پڑے گا، نالائق حکمران کی وجہ سے معیشت تباہ ہوچکی ہے، کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہوچکی ہیں۔ پورے خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے۔ پاکستان کے عوام تاریخی مہنگائی، تاریخی بیروزگاری کاسامنا کر رہے ہیں۔

چیئرمین پی پی بولے کہ پورے ملک میں بریک ڈاؤن ہوگیا اور ان کے پاس کوئی جواب نہیں، ہم جانتے ہیں پورا ملک کیوں اندھیرے میں ڈوبا کیونکہ عمران خان کا پورا ٹولا نالائق ہے، ان سے یہ ملک نہیں چل رہا۔ انہوں نے کرپشن کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا، کہا تھا 90 دن میں کرپشن کا خاتمہ کردوں گا۔ عمران خان کے دور میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی۔ سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہئے، تبھی کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا، اُن کا ظلم یہاں نہیں رکتا، وہ آپ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں، کسی کٹھ پتلی حکومت میں یہ ہمت نہیں ہوسکتی کہ آپ کے حقوق کو چھینے، نہ ہم انہیں این ایف سی ایوارڈ چھیننے دیں گے نہ آپ کے آئینی حقوق چھیننے دیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس نالائق حکومت نے آپ کو سی پیک کے حق سے بھی محروم رکھا ہے، ہم فاٹا کو اس کے حقوق دلانے کی کوشش کرتے رہے، ہم نے سوچا تھا ہم فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کریں گے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کو فاٹا میں ضم کردیا۔ آپ کب تک ان کا ظلم برداشت کریں گے۔