Friday, May 17, 2024

ہر دلعزیز لیجنڈ اداکار لہری کو مداحوں سے بچھڑے 8 برس بیت گئے

ہر دلعزیز لیجنڈ اداکار لہری کو مداحوں سے بچھڑے 8 برس بیت گئے
September 13, 2020
کراچی (92 نیوز) دیکھنے والوں کے چہروں پر ہمیشہ مسکراہٹیں بکھیرنے والے ہر دلعزیز لیجنڈ اداکار لہری کو اپنے مداحوں سے بچھڑے ہوئے 8 برس گزر گئے، مگر وہ اپنی  بے مثال اداکاری کے سبب آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ’’ زمانہ بڑے شوق سے سن رہا تھا۔ ہم ہی سوگئے داستاں کہتے کہتے ‘‘۔ اپنی بے ساختہ اداکاری سے لوگوں کے دلوں میں بس جانے والے مزاحیہ اداکار لہری کو بچھڑے ہوئے آٹھ سال بیت گئے۔ سفیراللہ صدیقی عرف لہری نے ریڈیو اور اسٹیج کی دنیا سے کیریئر کا آغاز کیا، 1965 میں ریلیز ہونے والی اُن کی پہلی فلم انوکھی سے کامیابیوں کا سفر شروع ہوا۔ اداکار لہری 3 دہائیوں سے زائد عرصہ تک اپنی بے مثال اداکاری سے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہے۔ لہری نے 220 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔۔ دل میرا دھڑکن تیری، روڈ ٹو سوات، شرارت، رشتہ پیار کا، دامن، پیغام، کنیز، بیوی ہو تو ایسی اور کئی فلموں پر 11 نگار ایوارڈ بھی حاصل کیے۔ لہری نے بڑھاپے کی دہلیز پر قدم رکھا تو فالج نے آگھیرا، جس کی وجہ سے وہ فلمی دنیا سے دور ہوتے چلے گئے اور 13 ستمبر 2012ء کو 83 برس کی عمر میں اپنے چاہنے والوں سے ہمیشہ کیلئے بچھڑ گئے۔