Tuesday, May 7, 2024

ہر ایشو پر بات ہو سکتی ہے لیکن این آر او پر کوئی بات نہیں ہو گی ، وزیر اعظم

ہر ایشو پر بات ہو سکتی ہے لیکن این آر او پر کوئی بات نہیں ہو گی ، وزیر اعظم
December 8, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہر ایشو پر بات ہو سکتی ہے لیکن این آر او پر کوئی بات نہیں ہو گی۔

 اخبارات کے ایڈیٹروں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا اسمبلیوں سے استعفے دیئے تو فوری الیکشن کرا دیں گے۔ اپوزیشن کے ساتھ این آر او کے سوا ہر موضوع  پر ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ہمیں پتہ ہے مشکل وقت ہے لیکن یہ بھی پتہ ہے کہ جیت میری ہو گی۔ اپوزیشن ہمیں الجھانا چاہتی ہے تاہم حکومت کی رٹ کمزور نہیں، عدالت کے فیصلے کا احترام کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان کے اندر جو کچھ ہو رہا ہے اس کے پیچھے بھی کوئی سورس ہے۔ چند ملکی اتحاد پاکستان کو مضبوط نہیں دیکھنا چاہتا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا عراق میں جو کچھ ہوا وہ بھی اسی وجہ سے ہوا۔ عراق اور ایران کو آپس میں  لڑا کر توڑنے کی کوشش کی  گئی۔ سعودی عرب اور ایران میں کشیدگی پیدا کرکے کمزور کیا جارہا ہے۔ اس کے پیچھے پورا پلان موجود ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اخبارات کے ایڈیٹرز سے ملاقات کے دوران حکومتی غلطیوں کا بھی اعتراف کیا اور کہا آئی ایم ایف کے پاس فوری نہ جانا سب سے بڑی غلطی تھی۔ دوسری بڑی غلطی اداروں کی اصلاجات کا عمل شروع نہ کرنا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کورونا کو عوام کی مدد کے بغیر شکست نہیں دی جاسکتی۔ مکمل لاک ڈاون پاکستان جیسے ملک کیلئے تباہی ہو گا۔ تعمیراتی شعبے میں بڑی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ اس سے معیشت کو بہت مدد مل رہی ہے۔