Tuesday, April 23, 2024

  ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس ،ہیڈ کوچ اور کپتان نے اپنی رپورٹس پیش کردیں

  ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس ،ہیڈ کوچ اور کپتان نے اپنی رپورٹس پیش کردیں
July 9, 2015
اسلام آباد(92نیوز)قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کے لئے قائم 6 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں  ہیڈ کوچ شہناز شیخ اور کپتان محمد عمران نے اپنی رپورٹس کمیٹی کو پیش کر دیں ، ہیڈ کوچ کی رپورٹ کے مطابق مالی اور نفسیاتی مسائل نے کھلاڑیوں کے کھیل پر منفی اثر ڈالا،سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اعجاز چوہدری کہتے ہیں تین دن میں رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دینگے ۔ تفصیلات کے مطابق  ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت پر قائم چھ رکنی کمیٹی کا اجلاس سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ  اعجاز چوہدری کی سربراہی پاکستان سپورٹس بورڈ میں ہوا،ہیڈ کوچ شہناز شیخ کی جانب سے 14 صفحات پر مشتمل رپورٹ کمیٹی کی سامنے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے فیڈریشن کو 120 دن کا پلان دیا تھا جس پر عمل نہیں ہوا،مالی اور نفسیاتی مسائل نے بھی کھلاڑیوں پر منفی اثر ڈالا مسائل کی وجہ سےٹیم شیڈول کے مطابق بیلجئیم نہ جا سکی اور 5 وارم اپ میچز بھی نہیں کھیل پائے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ اعجاز چوہدری نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی کے پاس کسی کو ہٹانے یا لگانے کا اختیار نہیں اور نہ ہی کمیٹی کے ارکان میں سے کوئی کسی عہدے کا امیدوار ہے،ہاکی فیڈریشن میں تبدیلی کی باتیں افواہیں ہیں۔ واضح رہے کہ تحقیقاتی کمیٹی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول ،سیکرٹری رانا مجاہد اور کپتان محمد عمران بھی پیش ہوئے اور اپنے بیانات ریکارڈ کروائے ۔