Friday, April 19, 2024

ہانگ کانگ کے ضلع کونسل انتخابات میں اپوزیشن جیت گئی

ہانگ کانگ کے ضلع کونسل انتخابات میں اپوزیشن جیت گئی
November 25, 2019
ہانگ کانگ (92 نیوز) ہانگ کانگ کے ضلع کونسل انتخابات میں اپوزیشن جیت گئی۔ 90 فیصد نسشتوں پر جمہوریت پسندوں نے قبضہ کرلیا۔ حکومتی نمائندوں کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ ہانگ کانگ کی سیاسی بساط پر اپوزیشن کی چال کامیاب ہوگئی، 6 ماہ سے حکومت مخالف مظاہروں میں مصروف نوجوانوں نے حکومت کی سیاسی بنیادوں کو مزید کھوکھلا کر ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 452 سیٹوں میں سے 90 فیصد اپوزیشن کے نام رہیں۔ حکومت مخالف تحریک کے کرتا دھرتا جوشوا وانگ بھی اپنی نشست جیتنے میں کامیاب رہے۔ ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو کیری لیم نے انتخابی نتائج کو قبول کرتے ہوئے صورتحال پُر امن رہنے کی امید ظاہر کی ہے۔ برطانیہ نے کیری لیم کے بیان اور انتخابی عمل میں حکومتی کردار کو خوش آئند قرار دیا ہے۔۔ اُدھر چینی وزارت خارجہ کی جانب سے کیری لیم کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا بیان سامنے آیا ہے۔ ضلع کونسل پر اپوزیشن کی کامیابی نے 2022 میں ہونے والے چیف ایگزیکٹو کے انتخاب میں جمہوریت پسندوں کی طاقت میں اضافہ تو کیا ہے، لیکن الیکشن کمیٹی کے 1200 ارکان میں سے اپوزیشن ارکان کی تعداد اب بھی 117 ہے، جو چیف ایگزیکٹو کے انتخاب میں قطعی طور پر فیصلہ کن تعداد نہیں ہے۔