Tuesday, April 23, 2024

ہاﺅسنگ سوسائٹی کے معاملے پر وکلاء سپریم کورٹ کے باہر مورچہ زن

ہاﺅسنگ سوسائٹی کے معاملے پر وکلاء سپریم کورٹ کے باہر مورچہ زن
January 17, 2017

اسلام آباد (92نیوز) اندر پاناما کا شور، باہر وکلاء کا زور۔ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے معاملے پر وکلاء پھر سپریم کورٹ کے باہر مورچہ زن ہو گئے۔ وزیراعظم کے وکیل سمیت ہر کسی کو روک لیا۔ عمران خان اور شیخ رشید نے وکلاء کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ہاﺅسنگ سوسائٹی کا این او سی جاری کیا جائے۔ سپریم کورٹ بار کے وکلا نے وزیر مملکت کیڈ اور وزیر ہائوسنگ کےخلاف سپریم کورٹ کے باہر ڈیرے لگا لئے، احتجاج کیا اور وزیراعظم کے وکیل، حکومتی نمائندوں سمیت اپوزیشن میں سے جو بھی آیا اسے عدالت جانے سے روک دیا۔ وزیراعظم کے وکیل مخدوم علی خان کی استدعا پرانہیں اندر جانے دیا گیا۔

وکلا کے احتجاج کے باعث پاناما لیکس کیس کی سماعت بھی تاخیر سے شروع ہوئی۔ سپریم کورٹ بار کے سیکرٹری آفتاب باجوہ کہتے ہیں کہ ہاﺅسنگ سوسائٹی میں وزیر کیڈ اور وزیر ہاﺅسنگ روڑے اٹکا رہے ہیں۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری بار سے پنجابی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”تہاڈے کول چند دن نے فیر ایناں تواڈے ہتھ نئیں آنا‘‘۔

عمران خان نے بھی وکلاء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وعدے پر عمل کرنا دینی فریضہ ہوتا ہے۔ حکومت کے لئے زبان سے پیچھے ہٹنا نئی بات نہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ساتھ دھرنا دینے کے لئے تیار ہیں۔