Thursday, April 25, 2024

ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح وزیراعظم ہاؤس یونیورسٹی ڈرامے کا ایکشن ری پلے ہے ، مریم اورنگزیب

ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح وزیراعظم ہاؤس یونیورسٹی ڈرامے کا ایکشن ری پلے ہے ، مریم اورنگزیب
April 17, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح وزیراعظم ہاؤس یونیورسٹی ڈرامے کا ایکشن ری پلے ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا نئے دعوے وہ کررہے ہیں جن کے پرانے دعوے نشان عبرت بن چکے۔ یہ گھر بنا سکتے ہیں نہ بس سروس۔ یہ صرف بے وقوف بنا سکتے ہیں اور صرف گھر گرا سکتے ہیں۔

نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان کو شہباز شریف کے ایک اور منصوبے کی نقل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ 

 قبل ازیں نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ  وزیراعظم نے سوالوں کے جواب دینے کے ڈر سے پارلیمان کو مفلوج کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ  حکومت کو خود بھی اپنے نالائق اور نااہل ہونے کا علم ہو چکا ہے ، حکومت کے پاس اسحاق ڈار اور مِفتاع اسماعیل کے سوالوں کا کوئی جواب نہیں، اسی لیے پابندیاں لگائی گئیں۔

 مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عوام آپ کے جھوٹ ، ڈھونگ اور ڈرامے سمجھ گئی  ہے، ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گُنا کیسے ہوئی جواب دینا ہوگا، ایک کروڑ نوکری، پچاس لاکھ گھر تو دینے پڑیں گے۔

 انہوں نے ٹویٹر  پر مزید کہا تھا کہ یومیہ 16 ارب قرض بڑھ رہا ہے جواب تو دینا ہوگا ،پشاور میٹرو کے ایک کھرب کہاں گئے جواب تو دینا ہو گا۔